بلوچستان ایگریکلچر کالج کی شناخت کو مسخ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چنگیز حئی بلوچ

کوئٹہ (پ ر) نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان ایگریکلچر کالج ایک تاریخی اور علمی طور پر بلوچستان کا اولین ادارہ ہے جو کئی دہائیوں سے بلوچستان کے طالب علموں کی تعلیم و تربیت کیساتھ ساتھ کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اس وقت ہزاروں طلباءاس ادارے میں تعلیم و تربیت حاصل کررہے ہیں یہ ادارہ نہ صرف علمی بلکہ عملی طور پر بھی بلوچستان کی زراعت کی خدمت کر رہا ہے۔ ایسے میں حکومت بلوچستان کی جانب سے اس کالج کی عمارت کو نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کے حوالے کرنا اس ادارے کی شناخت، تاریخ اور خدمات کو مسمار کرنے کے مترادف ہے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ نے مزید کہا کہ یہ عمارت اس مادرِ علمی کا حق ہے، جو اس دھرتی کے بیٹوں کی تعلیم و تربیت کا مرکز رہی ہے۔حکومت ادارے کی شناخت اور اس کی زمیں کو دوسرے ادارے میں ضم کرنے کی بجائے اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ نیشنل پارٹی صوبائی حکومت سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان ایگریکلچر کالج کی عمارت اسی ادارے کے پاس رہنے دے تاکہ یہ ادارہ اپنی خدمات کو جاری رکھتے ہوئے صوبے کی تعلیمی سرگرمیوں کسانوں اور زرعی ترقی کہ حوالے سے مستقبل میں اپنا کردار مزید بہتر انداز میں جاری رکھتے ہوئے بلوچستان کی علمی اور زرعی ترقی میں روشن باب کا ایک اور اضافہ کرسکے۔ آخر میں نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ نے حکومت پر یہ واضح کرتے ھوئے کہا کہ ہم کسی صورت ادارے کی شناخت کو مسخ کرنے اجازت نہیں دیں گے اور ادارے کی شناخت ،تاریخ کی بقا کہ لیے ہر پلیٹ فارم پر بھرپور انداز میں آواز اٹھاتے ہوئے دفاع کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں