تعمیراتی منصوبوں کی تاخیر پر افسران معطلی یا برطرفی کیلئے ذہنی طور پر تیار رہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہنہ شاہراہ، سبی تھڑی کوہلو روڈ سمیت مختلف اہم شاہراتی منصوبوں کی پیش رفت، مالیاتی امور اور معیارِ تعمیرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام نے وزیراعلیٰ کو ہنہ روڈ اور سبی تا تھڑی کوہلو روڈ سمیت مختلف جاری منصوبوں پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ دونوں اہم شاہراہیں رواں مالی سال کے دوران مکمل کرلی جائیں گی، جن سے نہ صرف علاقائی مواصلاتی رسائی بہتر ہوگی بلکہ مرکزی شاہراہوں سے رابطے میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ موجودہ مالی سال میں 27 اہم سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے 27 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں اور صوبے کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں انہوں نے کہا کہ غیر معیاری کام اور بلاجواز تاخیر کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر نے اجلاس کو بتایا کہ ناقص کارکردگی، غیر معیاری کام اور تاخیری حربوں میں ملوث 56 کنٹریکٹرز اور کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے جن میں دو انشورنس کمپنیز بھی شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایڈوانس ادائیگیوں اور مالی نظر ثانی کے غیر ضروری رجحان کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ "اگر کسی افسر نے کسی منصوبے پر کام شروع ہونے سے قبل ایڈوانس ادائیگی کی تو اس کیخلاف فوری کارروائی ہوگی ایسے افسران معطلی یا برطرفی کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسائل کی بروقت فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن ان ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل متعلقہ محکموں کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی قابلِ قبول نہیں اجلاس کے دوران زمری روڈ منصوبے میں مسلسل تاخیر پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ مواصلات کو حکم دیا کہ آئندہ 20 دنوں میں اس منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ ٹائم لائن میں پرکام شروع نہ کیا گیا تو متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی وزیراعلیٰٰ سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت ترقیاتی عمل میں شفافیت، رفتار اور معیار کو بنیادی اصول مانتی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والے فنڈز کا درست اور مو¿ثر استعمال یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی غفلت یا کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد ہوگا۔


