سردار اختر مینگل پر سفری پابندی کیخلاف پٹیشن، بلوچستان ہائیکورٹ کا فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان ہائی کورٹ میں سردار اختر مینگل پر سفری پابندی کیخلاف دائر پٹیشن پر اہم سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کے نمائندے کو ہدایت کی کہ اگر آئندہ سماعت تک جواب جمع نہ کرایا گیا تو عدالت فیصلہ سنانے میں تاخیر نہیں کرے گی۔ چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر بی این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین بار کونسل راحب بلیدی ایڈووکیٹ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی لائرز فورم کے سیکرٹری حبیب اللہ ناصر ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا بھی عدالت میں موجود تھے۔دوران سماعت، درخواست گزار کے وکیل ساجد ترین ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سردار اختر مینگل کو ان کے سیاسی موقف کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور ایف آئی اے کی جانب سے ان سمیت ان کے خاندان کو غیر قانونی ہتھکنڈوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔


