ایچ ای سی چیئرمین بدعنوان پروجیکٹ ڈائریکٹر دارا شکو کا احتساب کریں، متاثرہ امیدواران آغاز حقوق بلوچستان پیکج
کوئٹہ (انتخاب نیوز) آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے متاثرہ امیدواران نے روزنامہ انتخاب سے رابطہ کیا اور کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ نئے قائمقام چیئرمین ایچ ای سی، وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب پروجیکٹ ڈائر آغاز حقوق بلوچستان پیکج دارا شکو اور اکاﺅنٹنٹ عبدالقدوس کا احتساب کریں گے۔ ایک سال گزر گیا ہے دونوں حضرات نے بنا کسی قانونی وجوہات کے ہمارے اسکالر شپس منسوخ کردیے ہیں، جس پر ہم گزشتہ ایک سال سے جدوجہد کررہے ہیں، ہم نے بلوچستان ہائیکورٹ کا بھی دروازہ کھٹکھٹایا ہے، ہم نے میڈیا ہاﺅسز سے بھی اپنے مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ ان کی بدعنوانیوں کی رپورٹ نامور اخبارات میں بھی شائع ہوچکی ہیں ، ہم نے میڈیا کے توسط سے سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے بھی ان کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا اور بلوچستان کے طلبہ کیساتھ انصاف کی اپیل کی تھی لیکن تمام شواہد کو نظر انداز کرکے مختار احمد نے میڈیا ہاﺅسز کی تحقیقاتی رپورٹس پر ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، ایک سال گزر گیا ہے اور ابھی تک بلوچستان کے طلبہ سے تعصب رکھنے والا پروجیکٹ ڈائریکٹر اپنے عہدے پر براجمان ہے اور وہ اکاﺅنٹنٹ جس کے قلم سے طلبہ کے اسکالر شپس منسوخ ہوئے ہیں وہ بھی اپنے عہدے اور نوکری پر براجمان ہے جو کہ مایوس کن بات ہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ نئے قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی ان کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کریں گے اور بلوچستان کے طلبہ کو ان کے جائز حقوق ملیں گے۔


