نصیر آبادڈویژن کے متعدد شہروں میں انٹر نیٹ سروس بحال نہ ہوسکی
اوستہ محمد (آئی این پی) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بعد بھی ضلع کچھی، نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی اور اوستامحمد کے شہری تاحال انٹرنیٹ سے محروم ہیں۔ ان علاقوں کے عوامی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے انٹرنیٹ سروس کی مسلسل بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور شہری پرامن اور محب وطن پاکستانی ہیں۔ ایسے میں انٹرنیٹ سروس کی غیر اعلانیہ بندش سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بندش سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ طلبا کو بھی آن لائن تعلیم، داخلہ اور امتحانات کے امور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان اور پی ٹی اے سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں انٹرنیٹ بحال کیا گیا ہے، اسی طرح ضلع کچھی، نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی اور اوستامحمد میں بھی فوری طور پر انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں اور معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔


