مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، ایل پی جی باؤزر اور مسافر کوچ میں تصادم کے بعد آتشزدگی، خاتون اور بچے سمیت 7 افراد جاں بحق

​گوادر: ​بیورو رپورٹ (بہرام بلوچ) مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول اورماڑہ کے مقام پر ایک تیز رفتار مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر کے درمیان خوفناک تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد مسافر بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئے۔
​ایس پی مکران کوسٹل ہائی وے پولیس محمد اسلم بنگلزئی نے حادثے میں سات اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں پانچ افراد مسافر کوچ میں سوار تھے، جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے، جبکہ دیگر دو جاں بحق افراد میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر شامل ہیں۔
​تفصیلات کے مطابق مسافر کوچ تربت سے کراچی جا رہی تھی کہ بسول اورماڑہ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ایل پی جی باؤزر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ ٹکر کے فوری بعد دونوں گاڑیوں میں خوفناک آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری کوچ اور باؤزر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل دور دور تک دکھائی دیتے رہے۔
​اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، کوسٹل ہائی وے پولیس اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ بجھانے کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور جھلسنے والے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
​حادثے اور ایل پی جی باؤزر میں آتشزدگی کے باعث حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی، جس کے نتیجے میں بسول اورماڑہ کے دونوں اطراف مسافر کوچز اور مال بردار گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے