خضدار،ملک میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں کا کرایوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دینے سے انکار
خضدار(بیورورپورٹ)خضدار،ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود خضدار سے کوئٹہ اندرون صوبہ اور کراچی جانے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے سے انکارکر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے صوبہ پنجاب اور سندھ میں ٹرانسپورٹروں نے اس کمی کا فائدہ عوام کو پہنچاتے ہوئے کرایوں میں 20 سے 25 فیصد تک کمی کردی ہے لیکن بلوچستان کے عوام اس ریلیف سے تاحال محروم ہیں خضدار سے کوئٹہ 1500 روپے اور خضدار سے کراچی 2000 روپے بھاری کرایہ وصول کیاجارہا ہے مسافروں نے میڈیا کو بتایاکہ جب کرایوں میں کمی کی بات کی جاتی ہے تو ٹرانسپورٹرز بداخلاقی پر اتر آتے ہیں اور زبردستی زیادہ کرایہ وصول کرتے ہیں خضدار سے اندرون ملک اور اندرون صوبہ چلنے والی تمام گاڑیاں ایرانی پیٹرول استعمال کرتی ہیں مگر کرایہ پاکستانی پیٹرول کے حساب سے مسافروں سے وصول کیا جاتا ہے اب ایرانی اور پاکستانی دونوں طرح کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو چکی ہے اس کے باوجود ٹرانسپورٹرز کرایوں میں کمی کرنے کو تیار نہیں ہیں سیاسی سماجی اور عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خضدار سے اندرون ملک و اندرون صوبہ چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرائے فکس کر کے ان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ عوام کو سہولت میسرآسکے۔


