امریکا قطر پر اسرائیلی حملے سے خوش نہیں، تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، امریکی سفیر

تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچ گئے ہیں، یہ دورہ اس واقعے کے کم از کم ایک ہفتے بعد ہو رہا ہے, جب اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے امریکا کے اتحادی ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماﺅں کو نشانہ بنایا تھا۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق روبیو کا استقبال امریکی سفیر مائیک ہکبی سمیت دیگر حکام نے ہوائی اڈے پر کیا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اپنی اہلیہ جینیٹ دوسدیبس روبیو کے ہمراہ اسرائیل کے بن گوریون ایئرپورٹ پر پہنچے۔ یہ ان کا جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد دوسرا دورہ ہے اور اس موقع پر وہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکا کے عزم کی تجدید اور غزہ میں حماس کے قبضے میں موجود یرغمالیوں کی رہائی پر زور دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق آج روبیو اور نیتن یاہو یروشلم میں مغربی دیوار (ویسٹرن وال) پر ایک ساتھ جائیں گے۔ واشنگٹن سے روانگی کے وقت مارکو روبیو نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا اسرائیلی حملے سے خوش نہیں، جس میں قطر میں حماس رہنماﺅں کو نشانہ بنایا گیا، لیکن اس حملے سے اسرائیل کے ساتھ واشنگٹن کے اتحادی تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے اور اسرائیلیوں کے تعلقات کی نوعیت کو نہیں بدلے گا، لیکن ہمیں اس پر بات کرنا ہوگی، خاص طور پر کہ اس کا جنگ بندی کی کوششوں پر کیا اثر پڑتا ہے۔ مارکو روبیو نے کہا کہ وہ اسرائیلی حکام سے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ وہ غزہ میں مستقبل کا راستہ کس طرح دیکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں