مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری رکنا چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات میں گفتگو

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا ہے، وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ملاقات ہوئی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستان کی طرف سے قطر کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ امیر قطر سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات تاریخی، دیرینہ اور مضبوط بنیاد پر قائم ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے، مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری رکنا چاہیے۔ امیر قطر نے وزیراعظم کی ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت اور اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں