چمن سے 25 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو افغانستان ڈی پورٹ کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی رضاکارانہ واپسی اور ڈی پورٹیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سرحدی شہر چمن میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مو¿ثر آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر چمن کے مطابق اب تک چمن بارڈر کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افغان مہاجرین واپس اپنے وطن جا چکے ہیں جبکہ چمن شہر اور قریبی علاقوں سے 25 ہزار سے زائد افغان شہریوں کو باضابطہ کارروائی کے تحت واپس افغانستان ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائیاں قانون کی بالادستی، سیکورٹی خدشات اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں۔ چمن بارڈر پر واپس جانے والوں کی سہولت کے لیے امدادی کیمپس، رجسٹریشن پوائنٹس اور ٹرانسپورٹ سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ سرکاری سطح پر اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ملک بھر میں بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔


