اورکزئی میں کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 11 فوجی شہید، 19 دہشتگرد ہلاک کردیے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پ ر) خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 فوجی شہید ہوگئے، کارروائی کے دوران 19 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں 19 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ ضلع راولپنڈی کے رہائشی 33 سالہ میجر طیب راحت سمیت جھڑپ میں دیگر 9 اہلکار بھی شہید ہوگئے۔ شہید ہونیوالے سپاہیوں میں ضلع خیبر کے رہائشی 38 سالہ نائیک صوبیدار اعظم گل، ضلع کرم کے رہائشی 35 سالہ نائیک عادل حسین، ضلع ٹانک کے رہائشی 34 سالہ نائیک گل عامر، ضلع مردان کے رہائشی 31 سالہ لانس نائیک شیر خان، ضلع مانسہرہ کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک تالش فراز، ضلع کرم کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک ارشد حسین، ضلع مالاکنڈ کے رہائشی 28 سالہ سپاہی طفیل خان، ضلع صوابی کے رہائشی 23 سالہ سپاہی عاقِب علی اور ضلع ٹانک کے رہائشی 24 سالہ سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں