ٹی ایل پی کے کارکنوں اور رہنماﺅں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتاہوں، محمود خان اچکزئی

کوئٹہ( این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اپنے ویڈیو پیغام میںکہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں جو ایک جمہوری احتجاج کررہے تھے اور دھرنوں پر بیٹھے ہوئے تھے جس انداز میں اس غیر آئینی ،غیر جمہوری، غیر قانونی حکمرانوں نے حملہ کیا اوربچوں ، بوڑھوں ، عورتوں اور تحریک کے رہنماﺅں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا اس کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتاہوں ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو موجودہ حکومت روندھ اور معطل کرچکی ہے۔خود آئین اپنے ساتھ کلہواڑ کرنے والوں کو بغاوت کا مجرم قرادیا ہے ۔ ان باغی حکمرانوں نے غریب انسانوں پر گولیاں چلائی ہیں ہم ان کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے۔ ہم خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی صحت کے لیے دعاگو ہے ۔ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ اپنے پیاروں کے سلسلے میں آئین کے دائرہ میں جو بھی عمل وہ کرینگے پشتونخواملی عوامی پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان ان کا ساتھ دیگی ۔ میں اپیل کرتا ہوں اُن شہروں کے شہریوں سے جہاں یہ ظلم وبربریت کی گئی ہے کہ وہ تحریک کے ساتھ مار دھاڑ میں نہیں بلکہ تنظیم اور جمہوری احتجاج کے ذریعے اس ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور تعاون کریں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 26نومبر کو بھی پاکستان کے غریب بچوں ، سیاسی ،جمہوری کارکنوںجن میں عورتیں بھی شامل تھیں ان پر حملہ کیا گیا انہیں مارا گیا آج بھی بہت سارے لوگوں کے پیارے اب تک غائب ہیں۔شہباز شریف اینڈ کمپنی اس بات کوسمجھنے کی کوشش کیوں نہیں کررہی کہ گولیوں سے روکنے والوں کا انجام بنگلہ دیش ، سری لنکا اور پڑوس میں تیسرے ملک نیپال میں کیا ہوا؟ یہی انجام ہمارے ملک کا ہوگا۔خیبر سے لیکر باجوڑ تک، تمام پشتونخوا وطن ، بلوچ وطن ، گلگت بلتستان ،پنجاب میں جو خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے یہ ہمیں قابل قبول نہیں اور نہ ہم اسے مانےں گے اور اس کا راستہ روکنے کے لیے ہم آگے آئیں گے ۔ میں اپیل کرتا ہوں پاکستان کی تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں ، تمام عوام سے کہ وہ اس غیر آئینی ، غیر جمہوری حکومت کے خلاف صف بندی کرے اور ظلم کا ہاتھ روکیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میں شاباش دیتا ہوں تحریک انصاف کے رہنماءوزیر اعلیٰ خیبر پشتونخوا علی امین گنڈاپور کو جنہوں نے پارٹی کے احکامات کا احترام کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا اور اُس نئے نوجوان سہیل آفریدی کو جو وزیر اعلیٰ بنا مبارکباد دیتا ہوں ۔ دُکھ کی بات ہے کہ اس حکومت کے سپورٹرز بڑے بڑے جنگجو، کارکن ، صحافی ان کی توجہ اس بات پر ہے کہ خیبر پشتونخوا میں بہت بڑا ظلم ہوا ہے اور ایک غیر آئینی کام ہوا ہے ۔لیکن یہاں خون کی ہولی پر یہ سب خاموش ہےں۔ شہباز بھائی ایسا نہیں چلے گا ، وہ تمام لوگ جو اس غیر جمہوری حکومت کو سپورٹ کررہے ہیں میں انہیں متنبہ کرتا ہوں کہ آپ پاکستان کے آئین ، اس کی بنیادوں اور جمہوریت سے کھیل رہے ہیں جس کے لیے لاکھوں انسانوں نے قربانیاں دیں ہیںہم آپ کو ایسا نہیںکرنے دینگے۔ میں تحریک لبیک پاکستان کے اکابرین کو اس اندوھناک ظلم سہنے پرکیا کہوں یہ بہت بڑا ظلم ہوا ہے ۔ شہباز شریف کو کہتا ہوں کہ حجاج بن یوسف نہ بنے تاریخ جس نام سے اسے یاد کرتی ہے آپ کا نام تاریخ میں اس سے بھی خطرناک ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں