گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلاہو تمپ میں جلد از جلد بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، بساک
کیچ (پ ر) گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلاہو تمپ بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہے۔ تعلیمی حکام سے مطالبہ ہے کہ اسکول میں جلد از جلد تعلیمی سہولیات فراہم کیے جائیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچ لٹریسی کیمپین (BLC) کی ٹیم نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کلاہو تمپ کیچ بلوچستان کا دورہ کیا ہے جس میں اسکول کی حالات تشویشناک ہے۔ اسکول میں طالبات کی ایک بڑی تعداد داخل ہے، مگر بدقسمتی سے یہاں بنیادی تعلیمی سہولیات اور مناسب تدریسی عملہ دستیاب نہیں ہے۔ اسکول میں بنیادی تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جن میں بجلی اور صاف پانی کی عدم دستیابی، کلاس روموں کے کھڑکیاں و دروازوں کا ٹوٹنا اور واشرومز کی عدم موجودگی، تدریسی کتابیں، مارکر و بورڈ سمیت دیگر سہولتوں کا فقدان سے لے کر چھوٹے چھوٹے بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی شامل ہیں۔ اگرچہ یہ ایک مڈل اسکول ہے، لیکن مڈل سطح کے لیے درکار اساتذہ کی تعداد ناکافی ہے۔ خاص طور پر آٹھویں جماعت کی کوئی استانی موجود نہیں، حالانکہ کاغذات میں ایک استانی تعینات ہے، مگر وہ عملی طور پر ہمیشہ غیر حاضر رہتی ہیں۔ اسکول کی عمارت تعلیمی و تدریسی ماحول فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ طالبات کے پاس کرسیوں، ڈیسکوں حتیٰ کہ فرش پر بیٹھنے کے لیے چٹائیوں جیسی بنیادی سہولیات بھی نہیں ہیں۔ لڑکیوں کے اسکول ہونے کے باوجود یہاں بیت الخلا اور دیگر ضروری سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں جو کہ یہ سہولتیں بنیادی انسانی ضروریات کے زمرے میں آتے ہیں۔ بلوچستان کے بیشتر سرکاری اسکول اسی طرح کے بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں، انہی میں سے ایک گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول، کلاہو تمپ ہے۔ اسکولوں کی یہ زبوں حالی حکومتی عدم توجہی و ادارہ جاتی بے ضابطگیوں کا نتیجہ ہے۔ ہم اپنی مہم کے ذریعے متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تعلیم کے حق کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں، اور مذکورہ اسکول کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ان کو بنیادی تعلیمی سہولیات مہیا کیے جائیں۔


