پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں کشتیوں سے ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان نیوی کے جہاز (پی این ایس یرموک) نے بحیرہ عرب میں کشتیوں سے 97 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی۔ یہ بات منگل کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں بتائی گئی، جو اس آپریشن کی نگرانی کرنے والے بحری نیٹ ورک کی جانب سے جاری کیا گیا۔ امریکا سمیت مختلف ممالک کے مشترکہ بحری اتحاد، کمبائنڈ میری ٹائم فورس (سی ایم ایف) نے بتایا کہ پاک بحریہ کے جہاز نے گزشتہ ہفتے 48 گھنٹوں کے اندر 2 الگ الگ کشتیوں کو روکا، یہ کارروائیاں سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف) 150 کی براہِ راست مدد میں آپریشن ’المسمک‘ کے دوران کی گئیں، جو 16 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔ بیان کے مطابق 18 اکتوبر کو عملے نے پہلی کشتی پر چھاپہ مار کر 2 ٹن سے زائد کرسٹل میتھ ایمفیٹامین ضبط کی، جس کی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 82 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھی۔ 48 گھنٹے سے بھی کم وقت بعد، عملے نے دوسری کشتی پر کارروائی کی، جس سے 14 کروڑ ڈالر مالیت کی 350 کلوگرام کرسٹل میتھ اور ایک کروڑ ڈالر مالیت کی 50 کلوگرام کوکین برآمد کی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ منشیات کو جہاز پر واپس لا کر ان کے تجزیے اور تصدیق کے بعد ضائع کر دیا گیا، جن کشتیوں کو روکا گیا وہ ’بغیر قومی شناخت‘ تھیں، یعنی ان پر کسی ملک کا پرچم نہیں تھا اور یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ کہاں سے آئی تھیں۔ سعودی شاہی بحریہ کے کموڈور فہد الجوید اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ یہ سی ایم ایف کی جانب سے منشیات کی سب سے کامیاب کارروائیوں میں سے ایک ہے، اس کارروائی کی کامیابی بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں