ہمیں طلبہ کو کتابی کیڑا نہیں بلکہ معاشرے کا فعال اور ذمہ دار فرد بنانا ہے، چیئرمین بلوچستان بورڈ
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر ) گورنمنٹ سبزل بوائز ہائی اسکول میں اسپورٹس ویک گالا کی رنگارنگ تقریبِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا اصل مقصد صرف نصابی تعلیم دینا نہیں بلکہ طلبہ کی تربیت کرنا ہے۔ “ہمیں بچوں کو اس طرح تیار کرنا ہے کہ وہ زندگی کو بہتر طریقے سے گزار سکیں۔ زندگی صرف کتابوں تک محدود نہیں بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کی بھی اہمیت ہے۔ ہمیں طلبہ کو کتابی کیڑا نہیں بلکہ معاشرے کا فعال اور ذمہ دار فرد بنانا ہے۔”انہوں نے سبزل ہائی اسکول کے اساتذہ اور طلبہ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ “میں سبزل اسکول کے تعلیمی ماحول اور اساتذہ کے جذبے سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔ یہ اسکول مثبت تبدیلی کی ایک مثال بن سکتا ہے۔”چیئرمین محمد اسحاق نے نقل کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ “ہم اصلاحات پر کام کر رہے ہیں جو اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائیں گی۔ آئندہ امتحانات میں ایماندار اور فرض شناس اساتذہ کو ہی ڈیوٹی دی جائے گی تاکہ نقل کی حوصلہ شکنی ہو۔”اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر احمد وقاص نے بتایا کہ ایک ہفتے پر مشتمل اسپورٹس ویک کے دوران کرکٹ، تھرو بال اور رسہ کشی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ “یہ ایونٹ مکمل طور پر طلبہ کی مدد سے منعقد کیا گیا، جس کا سہرا انہی کے سر جاتا ہے۔ میں نے ایک سال قبل ہیڈ ماسٹر کا چارج سنبھالا، تب سے اسکول کی بہتری اور طلبہ کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ آج کی تقریب انہی کوششوں کا نتیجہ ہے۔”چیئرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق نے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔


