پی آئی اے کا 5 سال بعد برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال، پہلی پرواز 350 مسافروں کو لیکر مانچسٹر روانہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر برائے ہوابازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن (پی آئی اے) کی 5 سال بعد پہلی پرواز مانچسٹر روانہ ہوگئی ہے، جلد لندن اور برمنگھم کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی جبکہ حکومت پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ پی آئی اے کا 5 سال بعد برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا اور اسلام آباد سے پہلی پرواز 350 مسافروں کو لیکر مانچسٹر روانہ ہوگئی۔ پی آئی اے کا پاک برطانیہ فلائٹ آپریشن بحال ہونے پر اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انقعاد کیا گیا جس میں وزیر ہوابازی خواجہ آصف، برطانوی ہائی کمشنر، سیکرٹری دفاع اور دیگر شریک ہوئے۔ خواجہ آصف نے پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا افتتاح کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال کے طویل اور مشکل انتظار کے بعد آج اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پروازوں کی بحالی ہماری محنت اور عزم کا ثمر ہے اور یہ کامیابی کوئی اتفاق نہیں بلکہ حکومت کی ترجیحات، مضبوط قیادت اور انتھک کوششوں کا عملی ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں