ایران کا سفر نہ کریں جو وہاں موجود ہیں فوری طور پر ملک چھوڑ دیں آسٹریلیا، سویڈن اور سربیا کی اپنی شہریوں کو ہدایت
کراچی (ویب ڈیسک) تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے خدشات میں اضافے کے پیشِ نظر آسٹریلیا، سویڈن اور سربیا کی حکومتوں نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ایران کا سفر نہ کریں یا اگر وہ وہاں موجود ہیں تو فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔ آسٹریلوی حکومت نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں اور مقامی ہدایات پر عمل کریں۔ ان ہدایات میں ایران کی سکیورٹی صورتحال کو نہایت غیر مستحکم قرار دیا گیا ہے اور آسٹریلوی شہریوں، بشمول دوہری شہریت رکھنے والوں سے بھی ایران سے نکل جانے کا کہا ہے۔ سویڈن کے وزیرِ خارجہ نے بھی ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ابھی بھی پروازوں اور سرحدی راستوں کے ذریعے ایران سے نکلنے کا امکان موجود ہے۔ جب تک ایسا م±مکن ہے سویڈن کے شہریوں کو ایران چھوڑ دینا چاہیے۔‘ سربیا کی حکومت کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس اپیل کی وجہ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال کے مزید خراب ہونے کا خطرہ ہے۔‘ اس سے قبل امریکہ اور چند یورپی ممالک، جن میں جرمنی، پولینڈ اور بیلجیم شامل ہیں، بھی اپنے شہریوں سے ایران سے فوری طور پر نکل جانے کا کہہ چکے ہیں۔


