زہری میرا گھر ہے، حالات میں بہتری کے پیش نظر تمام شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نواب ثنا اللہ زہری

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری اور صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری کی اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطوں کے بعد زہری جانے والی تمام شاہراہیں مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ نواب ثنا اللہ خان زہری نے جھالاوان ہاﺅس کراچی میں تحصیل زہری سے آئے ہوئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زہری میرا گھر ہے، امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات سے مطمئن ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری کو ہدایت دی تھی کہ وہ اعلیٰ ضلعی و سیکورٹی حکام سے قریبی رابطے میں رہیں، جبکہ خود انہوں نے بھی اس سلسلے میں اعلیٰ عسکری حکام سے رابطہ کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ اس سے قبل زہری میں عائد کرفیو میں نرمی کی گئی تھی اور اب حالات میں بہتری کے پیش نظر تمام شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ علاقے کے شہری آزادانہ نقل و حرکت کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں