سرحد پار دہشت گردی کیخلاف پاکستان فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا، وزیر دفاع
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کے گمراہ کن بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مکمل ہم آہنگ ہے، سرحد پار دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھیں گے۔ خواجہ آصف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان بھارتی پراکسیوں کے ذریعے دہشت گردی میں ملوث ہیں، طالبان حکومت اندرونی دھڑے بندی اور عدم استحکام کا شکار ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ خواتین، بچوں اور اقلیتوں پر جبر افغان طالبان کا اصل چہرہ ہے، طالبان 4 برس بعد بھی عالمی وعدے پورے نہ کر سکے، افغان طالبان بیرونی عناصر کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مکمل ہم آہنگ ہے، افغانستان سے متعلق قومی پالیسی پر مکمل اتفاق رائے ہے۔ پاکستان کی افغان پالیسی قومی مفاد اور علاقائی امن کے لیے ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا، جھوٹے بیانات سےحقائق نہیں بدلیں گے، اعتماد عملی اقدامات سے بحال ہوتا ہے۔


