قیمتی اراضی دھوکہ دہی سے اپنے نام کروانے کا الزام، سابق سیکورٹی آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کیخلاف مقدمہ درج

کوئٹہ (ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سابق سیکورٹی آفیسر شبیر احمد علیزئی کے خلاف میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی غیر قانونی اراضی الاٹمنٹ کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ کارروائی محکمہ کو شکایت موصول ہونے پر کی گئی انکوائری میں یہ ثابت ہوا کہ شبیر احمد علیزئی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی مختلف قیمتی جائیدادیں غیر قانونی طور پر اپنے نام اور دیگر غیر مجاز افراد کو الاٹ کیں۔ ریکارڈ کے مطابق، ملزم نے جناح روڈ اور میکانگی روڈ پر واقع قیمتی پلاٹس دھوکہ دہی اور غیر قانونی طریقے سے اپنے نام کروائے، جبکہ عدالت روڈ پر واقع پلاٹ کو تین مرتبہ انہی طریقوں سے اپنے نام پر الاٹ کروایا، اور حکومت کو نقصان پہنچایا۔ انکوائری مکمل ہونے پر الزامات درست ثابت ہوئے جس پر اینٹی کر پشن بلوچستان نے باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اسٹنٹ ڈائر یکٹر (انویسٹیگیشن) کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور ٹیمیں تیزی سے کارروائی کر رہی ہیں تا کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں