بلوچستان کے 10 ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو وزیراعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ دیں گے، رانا مشہود
کوئٹہ (این این آئی )وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے یوتھ پروگرام رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ حکومت چیمبر آ کامرس کے ساتھ مل کربلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کریگی اگلے چند ماہ تک بلوچستان کے 10 ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو وزیراعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ دیں گے۔پہلے دنیا کا اقتصاد پیٹرو پر منحصر تھا جبکہ اب یہ آئی ٹی پر منتقل ہو رہا ہے پاکستان میں جن شعبوں میں ضرورت ہے انہی پر کام کریں گے اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس کے ساتھ ملکر کام کریں گے،ہم اگلے تین سال میں آئی ٹی کے شعبے کو 2.5بلین ڈالر سے 25بلین ڈالر تک لیجانا چاہتے ہیں،سابقہ حکومت میں ملک کو ہاتھ پیر باندھ کر آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا مگر موجودہ حکومت نے تمام تر چیلنجز کے باوجود ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آپریشن بنیان المرصوص (معرکہ حق)کے بعد پاکستان کےلئے دنیا کے دروازے کھل چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی ،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ ودیگر نے وزیراعظم کے مشیر کا چیمبر آنے پر استقبال کیا اور کہا کہ بلوچستان میں سکلڈ لیبر کی کمی مختلف شعبہ جات کی ترقی میں رکاوٹ کا باعث ہے اب افغان مہاجرین کو پاکستان بدر کرنے سے یہ مسئلہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے اس وقت ہمیں زراعت،کان کنی اور دیگر شعبوں میں سکلڈ لیبر کی کمی کا سامنا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ افغان سکلڈ لیبر کو پانچ سالہ ورک ویزوں کی اجراء کی جائے،انہوں نے کہا کہ انتہائی قیمتی قالین بنانے والے ترکمن افغان شہریوں کو ترکی نے ویزوں کی اجراء شروع کر دی ہے ہمیں انہیں روک کر ان کے ہنر سے فائدہ اٹھانا چاہیے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سے مستفید ہونے کےلئے بلوچستان کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جائے انہوں نے کہا کہ ہم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں فیسیلیٹیشن سنٹر کےلئے جگہ دینے کو تیار ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے یوتھ پروگرام رانا مشہود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی شروع ہو چکی پچھلی حکومت نے ہاتھ پیر باندھ کر ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا تھا مگر تمام تر چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان مواقعوں کی سرزمین ہے یہاں کان کنی،لائیو اسٹاک،سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تر مواقع موجود ہیں جبکہ بلوچستان میں پیدا ہونے والی زیتون دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بڑی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اب ہمارے بچے اور بچیاں جاب کریئٹرز بن رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان گنے چنے ممالک میں سے ہیں جو AIپالیسی بنا چکا ہے اب ہر چیز ایک چپ کی بنیاد پر ہے پہلے دنیا کی اقتصاد پیٹرو جبکہ اب آئی ٹی کی مرہون منت ہیں پاکستان کو جو ضرورت ہو گی اسی بنیاد پر کام کریں گے اس وقت دنیا بھر کے دروازے پاکستان کےلئے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جی سی سی کے علاو¿ہ مشرق وسطی میں لاکھوں نوجوانوں کےلئے روزگار کے مواقع موجود ہیں ہم بچوں کو تربیت دے کر یورپ،جنوبی کوریا،امریکہ کینیڈا اور دیگر ممالک کو بھیجیں گے۔اگلے تین سال کے دوران ہم آئی ٹی کے شعبے میں 2.5بلین ڈالرز سے بڑھا کر 25بلین ڈالرز کرنے کا ہدف رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ای اسپورٹس پالیسی کا رہے ہیں ای اسپورٹس فیڈریشن کا کام بھی مکمل ہونے کو ہے ان کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے 30 ہزار سے زائد بچوں اور بچیوں نے کرکٹ کے ٹرائلز دئیے جو خوش آئند ہے ہمیں امید ہے کہ بہت جلد بلوچستان کے کرکٹ کھلاڑی ملک کی نمائندگی کریں گے ان کا کہنا تھا کہ یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون کے تحت مختلف منصوبوں کےلئے نوجوانوں کو قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں گزشتہ سال حکومت نے 25 فیصد لون خواتین کو دینے کا پروگرام بنا رکھا تھا لیکن بدقسمتی سے لون لینے والوں میں 11 فیصد خواتین تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں فیسیلیٹیشن سنٹر کا قیام چاہتے ہیں بلوچستان میں بہترین سوچ اور پوٹینشل موجود ہیں موجودہ حکومت تمام صوبوں کی ترقی چاہتی ہے جس میں پاکستان کی ترقی مضمر ہے ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند ماہ میں بلوچستان کے 10 ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو وزیراعظم اسکیم کے تحت مفت لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بی ٹیوٹا اور نیوٹیک کے ذریعے تربیت مکمل کرنے والے 30 ہزار نوجوانوں کو ہم اگلے چھ ماہ میں بیرون ملک روزگار کےلئے بھیج سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیمبر کے ساتھ مل کر بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔آخر میں رانا مشہود خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔


