جامعہ بلوچستان کی داخلہ فیس میں ہوشربا اضافہ، شعبہ کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی میں 50 ہزار روپے اضافی وصول کیے جانے لگے

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان یونیورسٹی میں بی ایس پروگرامز کی داخلہ فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا، جس کے باعث والدین اور طلبہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے رواں سال بی ایس (2025–29) سیشن کی فیس میں ہوشربا اضافہ کیا ہے جو عوامی پہنچ سے باہر ہے۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ریوائزڈ فیس اسٹرکچر میں بتایا گیا ہے کہ ہر سال فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا تاہم والدین کا کہنا ہے کہ اس بار اضافہ معمول سے کہیں زیادہ کیا گیا ہے، بعض شعبوں خصوصاً کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سیلف فنانس کیٹیگری کے تحت داخلہ لینے والے طلبہ سے پچاس ہزار روپے اضافی وصول کیے جارہے ہیں والدین اور طلبہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں جہاں تعلیمی سہولیات پہلے ہی محدود ہیں۔ فیسوں میں غیر معمولی اضافہ متوسط اور غریب طبقے کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا مزید مشکل بنا دے گا۔ والدین نے یہ بھی کہا کہ صوبے کے مختلف کالجز میں انہی کورسز کی فیسیں بہت کم ہیں اس لیے متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ فیسوں میں حالیہ اضافے کا نوٹس لے اور انہیں سابقہ سطح پر بحال کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں