جھالاوان کمپلیکس خضدار میں میگا کرپشن کا انکشاف، منسوخ شدہ این او سی کے باوجود غیرقانونی تعمیرات جاری

خضدار (نامہ نگار) جھالاوان کمپلیکس خضدار میں میگا کرپشن کا انکشاف، منسوخ شدہ این او سی کے باوجود غیرقانونی تعمیرات جاری۔ جھالاوان کمپلیکس خضدار میں میونسپل کارپوریشن کی زیرِ ملکیت قیمتی اراضی میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر غیرقانونی الاٹمنٹ اور تعمیرات کا انکشاف ہوا ہے۔ جھالاوان کمپلیکس خضدار میں میونسپل کارپوریشن کی زیر ملکیت قیمتی اراضی سے متعلق میگا کرپشن کا بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق مذکورہ زمین کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی منظوری کے بغیر کوڑیوں کے دام غیرقانونی طور پر الاٹ کیا گیا۔ ابتدائی طور پر الاٹ شدہ زمین صرف چند سو اسکوائر فٹ پر مشتمل تھی، مگر بعد میں غیرقانونی طور پر اسے ہزاروں اسکوائر فٹ تک بڑھایا گیا۔ حیران کن امر یہ ہے کہ یہ زمین پیٹرول پمپ کے لیے مخصوص تھی، تاہم جھالاوان کمپلیکس کے نقشے سے ہٹ کر اب اس مقام پر سیکڑوں دکانیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ زمین کی این او سی منسوخ ہوچکی ہے، اس کے باوجود تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ عوامی شکایات کے باوجود اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان، حکومت بلوچستان اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اسے میگا کرپشن اسکینڈل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِاعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور ڈی جی اینٹی کرپشن فوری نوٹس لے کر اس غیرقانونی الاٹمنٹ کی شفاف تحقیقات کرائیں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں