بلوچستان کے 60 ہزار نوجوانوں کو جدید کاروباری مہارتوں اور ڈیجیٹل فیلڈز میں تربیت فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے 60 ہزار نوجوانوں کو جدید کاروباری مہارتوں اور ڈیجیٹل فیلڈز میں آگے بڑھنے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت نوجوانوں کی بہبود سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے یوتھ انیشی ایٹوز کو مربوط حکمت عملی کے تحت یکجا کیا جائے گا، جبکہ تحصیل سطح پر نوجوانوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے فیسلیٹیشن سینٹرز اور چیف سیکرٹری آفس میں خصوصی معاونت سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں صرف مواقع کی کمی کا سامنا رہا ہے انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے کے سات اضلاع میں انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو جدید کاروباری مہارتوں اور ڈیجیٹل فیلڈز میں آگے بڑھنے کی تربیت فراہم کی جائے گی، ساتھ ہی وزیراعظم بلا سود قرضہ پروگرام سے متعلق مکمل آگاہی بھی دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں