بارڈر بندش سے پنجگور میں معاشی بحران پیدا ہوگیا، فوری طور پر تجارت بحال کی جائے، حق دو تحریک

پنجگور (نامہ نگار) بارڈر بندش سے پنجگور میں معاشی بحران پیدا ہوگیا، فوری طور پر تجارت بحال کی جائے۔ پنجگور میں حق دو تحریک کے رہنما ملا فرہاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین مہینوں سے بارڈر بند ہونے کے باعث علاقے میں شدید معاشی مسائل اور بحران پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام بالا نے بارڈر کھولنے کا اعلان تو کیا ہے مگر صرف 60 سے 65 گاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے، جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ملا فرہاد کے مطابق پہلے روزانہ تقریباً 250 گاڑیاں کاروبار کے لیے بارڈر جا سکتی تھیں، مگر اب صرف 60 سے 65 گاڑیوں کی اجازت سے ایک فرد کی باری ایک سال بعد آئے گی، جو ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ بارڈر کو فوری طور پر معمول کے مطابق کھولا جائے تاکہ عوام کے معاشی حالات مزید خراب نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں