کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی اور پریشر میں کمی، شدید سردی میں صارفین مشکلات سے دوچار
کوئٹہ (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے وسطی علاقے اسٹیورٹ روڈ، بلوچ کالونی، جان محمد روڈ، پٹیل باغ اور ملحقہ گلیوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی اور پریشر میں کمی کے باعث شہری شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں۔ سرد موسم میں گیس کی بندش نے روزمرہ زندگی مفلوج کر دی ہے، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور شہریوں کو کھانا پکانے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کرنا پڑ رہے ہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ لکڑی، کوئلہ اور ایل پی جی سلنڈر کے بڑھتے داموں نے زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں اسکول جانے والے بچے بغیر ناشتہ کے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہیں جبکہ بزرگ اور بیمار افراد سردی میں شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔ علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ شکایات کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کی جانب سے کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی، گیس بحالی کے حوالے سے محکمے کی جانب سے کوئی واضح وضاحت یا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ اہل علاقہ نے گیس کی بندش کو انتظامی غفلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سردیوں کے آغاز سے ہی گیس پریشر کم ہونا معمول بن گیا ہے اور حکام کی عدم توجہی نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ متاثرہ مکینوں نے حکومت بلوچستان اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نوٹس لینے، گیس فراہمی بحال کرنے اور مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر احتجاجی دھرنے اور سڑکیں بند کرنے کی وارننگ دی ہے۔


