بوستان اسپیشل اکنامک زون صوبے کے صنعتی مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا آٹھواں اجلاس منگل کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم خان لاشاری، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بوستان اسپیشل اکنامک زون کونسل کے قیام کی منظوری دی گئی جو چینی سرمایہ کاروں اور صوبائی حکومت کے مابین مو¿ثر رابطہ کاری کے فرائض سرانجام دے گی۔ اجلاس میں نئے تعینات چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی توثیق بھی کی گئی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کے ڈھانچے میں ریشنالائزیشن کا فیصلہ کرتے ہوئے اضافی اور غیر ضروری عملے کو فارغ کرنے کی منظوری دی۔ شرکاءنے اتفاق کیا کہ بلوچستان میں قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو مزید مو¿ثر اور پائیدار بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا راستہ پائیدار سرمایہ کاری سے ہو کر گزرتا ہے، حکومت سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون صوبے کے صنعتی مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا جبکہ اسپیشل اکنامک زونز کی فعالیت سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت کو تقویت ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو شفاف، جدید اور نتیجہ خیز انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے، تاکہ صوبہ معاشی خود کفالت کی راہ پر گامزن ہو سکے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کو قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش سرمایہ کاری منزل بنایا جائے گا، تاکہ صوبے کی ترقی کے عمل کو تیز تر اور دیرپا بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں