وانا کیڈٹ کالج کے اندر چھپے 3 دہشت گردوں کےخلاف آپریشن جاری، 115 افراد کو بحفاظت نکال لیا، سیکورٹی ذرائع
اسلام آباد (ویب ڈیسک) جنوبی وزیرستان میں وانا کیڈٹ کالج کے اندر چھپے 3 دہشت گردوں کےخلاف آپریشن جاری ہے، سیکورٹی ذرائع کے مطابق تینوں دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے، جو مسلسل ٹیلیفون پر افغانستان سے ہدایات لے رہے ہیں، سیکورٹی فورسز نے 115 افراد کو ریسکیو کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق وانا کیڈٹ کالج میں موجود 3 دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پوری شدت سے جاری ہے، گزشتہ روز حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد کیڈٹ کالج میں موجود تھے، سیکورٹی فورسز نے اب تک 115 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج میں موجود 3 دہشتگردوں کو کالج کی ایک مخصوص عمارت تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق جس عمارت میں دہشتگرد موجود ہیں، وہ کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے کافی فاصلے پر واقع ہے، ابھی تک تمام کیڈٹ محفوظ ہیں، دہشتگردوں کی کالج میں موجودگی کے باعث کیڈٹس کی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن نہایت احتیاط سے جاری ہے اور کالج کی حدود سے کیڈٹس کو بتدریج نکالا جارہا ہے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس وقت بھی کالج کے اندر تقریباً 535 افراد موجود ہیں۔ واضح رہے کہ 10 نومبر کو دہشتگردوں نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، دھماکے سے کالج کا مرکزی دروازہ مکمل طور پر منہدم ہو گیا تھا، جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔


