ضلعی انتظامیہ کیچ اور ایرانی حکام کا اہم اجلاس، دسمبر کے پہلے ہفتے میں بارڈر کھولنے کا فیصلہ
تربت (نمائندہ انتخاب) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے بیست پنجاہ گبد بارڈر پر ایرانی حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں دو طرفہ تجارت کے فروغ اور بارڈر ٹریڈ کھولنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سرحدی تجارت کی بحالی، کاروباری طبقے کی سہولیات، اور آمد و رفت کے منظم نظام پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ حتمی فیصلہ کیا گیا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں بارڈر پلر نمبر214 سوراب مند بارڈر کو باضابطہ طور پر تجارت کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ کے آغاز سے مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور مکران ڈویڑن کی معیشت میں بہتری آئے گی۔ مزید بتایا گیا کہ ب آفیسران اور دیگر حکام بارڈر پلر نمبر214 سوراب مند پوائنٹ کا دورہ کریں گے، جب کہ یکم دسمبر کو ایرانی حکام بھی بارڈر کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد اسی ہفتے کے دوران بارڈر کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے باقاعدہ طور پر کھول دیا جائے گا۔ علاقے کے عوام اور تاجر برادری نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر ٹریڈ کے دوبارہ آغاز سے مقامی معیشت میں ایک نئی جان آئے گی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی و تعاون کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔


