افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار خطے کی سلامتی کیلئے سنگین چیلنج بن گئے، عاصم افتخار
اسلام آباد (آن لائن) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار پاکستان اور خطے میں سلامتی کے لیے سنگین چیلنج بن گئے ہیں۔ دہشت گرد تنظیمیں ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ اور داعش افغان سرزمین سے بلا روک ٹوک کارروائیاں کر رہی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ عسکری گروہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے بیرونی مالی معاونت اور پشت پناہی حاصل کر رہے ہیں اور ان ہتھیاروں کا استعمال پاکستانی شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف ہورہا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردوں کی اسلحے تک رسائی روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور طالبان سے کیے گئے بین الاقوامی وعدے پورے کروائے جائیں تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔


