کوئٹہ میں سیکورٹی کے نام پر مرکزی شاہراہوں کی بندش، ٹریفک نظام مفلوج، شہری مشکلات کا شکار

کوئٹہ (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی کے نام پر مرکزی شاہراہوں کی بندش، ٹریفک نظام مفلوج، شہری شدید مشکلات کا شکار۔ کوئٹہ کے مرکزی علاقوں میں سیکورٹی انتظامات کے باعث شاہراہوں کی بار بار بندش نے ٹریفک نظام بری طرح مفلوج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر جو ماڈل ٹاو¿ن کے قریب واقع ہے، اسے شہر سے باہر یا کینٹ ایریا میں منتقل کیا جائے، تاکہ بار بار لگنے والی سیکورٹی ڈائیورشنز سے نجات مل سکے۔ شہریوں کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹر کی موجودگی کے باعث ماڈل ٹاﺅن اور اطراف کی سڑکوں پر آئے روز رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ دوسری جانب انسکمب روڈ پر بھی سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر ٹریفک کی بندش معمول بن چکی ہے، جب کہ وائٹ روڈ اور ریلوے اسٹیشن کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی رکاوٹیں شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز کا رخ کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام کی وجہ سے سفر کے اوقات پہلے سے دوگنے ہو چکے ہیں۔ مریضوں، بزرگوں اور خواتین کو بھی سخت دقت کا سامنا ہے۔ شہریوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے فوری اور مو¿ثر ایگزیکٹو اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو روزمرہ کی پریشانیوں سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں