آن لائن دھوکہ باز نے خضدار کے شہری کے نام پر جعلی فیس بک آئی ڈی بناکر سعودی عرب سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے منگوالیے
خضدار (صباح نیوز) ضلع خضدار میں سائبر کرائم کا ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے ،جہاں آن لائن "دھوکہ باز” نے خضدار کے شہری ایم کے سمالانی کے نام پر جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر ان کے سعودی عرب میں موجود دوست سے بینک اکاو¿نٹ کے ذریعے ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد کی رقم منگوالی۔ شہریوں کو سوشل میڈیا پر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ ایم کے سمالانی، جو خضدار کوڑاسک کے رہائشی ہیں، کے مطابق نامعلوم ملزم نے فیس بک پر ان کے نام، تصاویر اور ذاتی معلومات استعمال کرتے ہوئے ایک جعلی اکاو¿نٹ بنا رکھا تھا۔ اس جعلی آئی ڈی سے ملزم نے سمالانی کے سعودی عرب میں مقیم دوست سے رابطہ کیا اور مالی مدد کی اپیل کی۔ ملزم نے دوست کو بتایا کہ ایم کے سمالانی خضدار میں ہے اور انہیں فوری طور پر رقم کی ضرورت ہے۔ اعتماد میں لینے کے لیئے جعلی اکاو¿نٹ سے مسلسل چیٹنگ کی گئی اور آخر کار سعودی دوست نے بینک ٹرانسفر کے ذریعے 5 لاکھ 50 ہزار روپے پاکستان کے ایک بینک اکاو¿نٹ میں منتقل کر دیئے رقم ٹرانسفر ہونے کے فوراً بعد جعلی اکاو¿نٹ غائب ہو گیا۔سعودی دوست نے اصل ایم کے سمالانی سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ وہ پاکستان میں ہیں اور انہوں نے کوئی رقم نہیں مانگی۔ "یہ ‘ایمی پرسنیشن فراڈ’ کا کلاسک کیس ہے۔ لوگ اپنی ذاتی تصاویر اور معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے وقت احتیاط نہیں کرتے۔ جعلی اکاو¿نٹس سے دوستی یا مالی لین دین سے مکمل پرہیز کریں۔”ماہرین نے شہریوں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے: پرائیویسی سیٹنگز چیک کریں، فیس بک پر دوستوں کی فہرست اور تصاویر صرف دوستوں کے لیئے رکھیں۔دوستوں سے تصدیق کریں،اگر کوئی دوست رقم مانگے تو فون کال یا ویڈیو کال کے ذریعے تصدیق ضرور کریں۔بینک ٹرانسفر سے پہلے سوچیں خاص طور پر بیرون ملک سے رقم بھیجنے سے پہلے مکمل تحقیق کریں۔جعلی اکاو¿نٹس رپورٹ کریں ، مشکوک آئی ڈیز کو فیس بک کو رپورٹ کریں۔ خضدار میں سائبر کرائم کے بڑھتے واقعات اس سے قبل بھی خضدار میں سائبر فراڈ کے ذریعے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے آن لائن فراڈ کے ذریعے ہتھیا لیئے جاچکے ہیں۔


