گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پراھگ محلہ پسنی کی خستہ حالی، چھتوں کا پلستر گرنے کے باعث طالبات غیر محفوظ

پسنی (نامہ نگار) پسنی میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پراھگ محلہ میں بڑا حادثہ ٹل گیا، گزشتہ رات سائنس لیبارٹری کی چھت کا پلستر گر گئی ، خوش قسمتی رات کا وقت ہونے سے طالبات معجزانہ طور پر محفوظ رہے تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پراھگ محلہ پسنی میں ایک بڑا سانحہ رونما ہوتے ہوتے رہ گیا۔ سائنس لیبارٹری کی چھت کا پلستر اچانک اکھڑ کر فرش پر آ گرا، تاہم خوش قسمتی رات کا وقت ہونے سے اسکول بند تھا اور کوئی بھی طالب علم وہاں موجود نہیں تھی جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق اس اسکول کے دیگر کلاس رومز بھی خستہ حالی کا شکار ہیں،جن میں طالبات بیٹھ کر علم کی تشنگی بجھا رہے ہیں، واضح رہے کہ مذکورہ اسکول کو 2016 میں مڈل سے ہائی کا درجہ تو دے دیا گیا تھا، تاہم اپ گریڈیشن کے بعد کلاس رومز کی شدید کمی کا سامنا ہے جبکہ اسکول میں اضافی تدریسی پوسٹس بھی اب تک فراہم نہیں کی گئیں۔ والدین اور علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کی خستہ حال عمارت کی فوری مرمت کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات اور عملے کی کمی دور کی جائے، تاکہ طالبات محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں