بلوچستان میں انٹرنیٹ،بارڈرز،تجارت،ریلوے بند، لوگ پریشان، غم وغصے اورمایوسی کاشکار ہیں،مولانا ہدایت الرحمن
کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان بھر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اجتماع عام کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں جماعت اسلامی بلوچستان کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں امیرصوبہ مولاناہدایت الرحمان بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ نائب امراءزاہداختربلوچ مولانا عبدالکبیرشاکر، مولانا محمد عارف دمڑ ڈپٹی جنرل سیکرٹری پروفیسرسلطان محمد کاکڑ، فینانس سیکرٹری سلطان محمد محنتی، سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر اسلامی جمعیت طلباءکوئٹہ کے ناظم اخونزادہ عطاءالرحمن،سوشل میڈیا کےروح اللہ سالار نصیب اللہ ودیگرنے شرکت کی اجلاس میں صوبے بھر سے اجتماع میں شرکت کرنے والے شرکائے جلسہ کے انتظامات،رابطہ مہم، سفرتیاری ،روانگی،اجتماع عام میں کرنے کے کام اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایم پی اے وصوبائی امیرجماعت اسلامی بلوچستان نے کی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ آج بلوچستان کے عوام محصوروقیدمیں حقوق اختیارات اورامن سے محروم ہیں انٹرنیٹ،بارڈرز،تجارت،ریلوے بندہیں بلوچستان کے لوگ پریشان، غم وغصے اورمایوسی کاشکار ہیں۔کرپشن وکمیشن مافیاز مسلط ہیں عوام کی پریشانی بے روزگاری مشکلات اورمسائل کوحل کرنے والاکوئی نہیں۔جماعت اسلامی پریشان لوگوں کے مسائل کواجاگراورحل کرنے والے ہیں۔بلوچستان میں قبرستان اورہسپتال آباد،شہرویران نظام زندگی جام ہوگئی ہیں ہرطرف مایوسی پریشانی اورغربت وبے روزگاری ہیں۔اجتماع عوام سے ہم سب پرامیدہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اجتماع عام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اضلاع میں کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جب کہ ٹرانسپورٹ،رہائش،نظم و ضبط اور میڈیا کوآرڈینیشن کے حوالے سے بھی جامع منصوبہ بندی مکمل کی جارہی ہے۔اجلاس میں ذمہ داران نے عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کو جماعت اسلامی کا مثبت،صاف اور بامقصد پیغام پہنچانے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔ صوبائی امیر نے کارکنان اور ذمہ داران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ انتظامات کے ہر مرحلے کو بروقت اور بہترین انداز میں مکمل کیا جائے۔اجلاس کے آخر میں صوبے کی مجموعی صورتحال، عوامی مشکلات اور مستقبل کی تنظیمی حکمتِ عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


