صارفین کو لاکھوں روپے کے بل بھجوائے گئے، گیس کمپنی بلنگ کو درست کرے، بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان ہائیکورٹ میں گیس کے حوالے سے دائر درخواست پر اہم سماعت ہوئی، بلوچستان ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کامران خان ملاخیل اور جسٹس ایوب خان ترین پر مشتمل بینچ نے گیس کیس کی سماعت کی، معزز عدالت میں اوگرا چیئرمین اور گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام پیش ہوئے، اور رپورٹ پیش کی، سماعت کے دوران درخواست گزار سید نزیر آغا ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گیس کمپنی مسلسل بلوچستان ہائی کورٹ کے 23 جون 2024 کی بھرپور خلاف ورزی کر رہی ہے اور اکتوبر کے مہینے میں لوگوں کو ہزاروں اور لاکھوں کے بل بھجوائیں ہیں، جس پر چیف جسٹس کامران خان ملاخیل شدید برہم ہوئے اور سختی سے گیس اور اوگرا کے حکام کو 23 جون2024 کے آرڈر پر عملدرآمد کی تلقین کی اور ساتھ ہی گیس اور اوگرا حکام کے رپورٹ واپس کر کے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے واپس 11 دسمبر 2025 کو آئندہ پیشی پر 23 جون 2024 کے آرڈر پر عملدرآمد کرنے کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ پیشی کے دوران گیس کمپنی کے بلنگ انچارج محمد عمران نے عدالت کو بتایا کہ وہ تمام بلوں کو ٹھیک کرینگے جن میں اضافی چارجز بھجوائے گئے ہیں۔ آئندہ سماعت 11 دسمبر 2025 کو ہوگی۔


