ریکوڈک مائننگ کمپنی اور آئی بی اے سکھر کے اشتراک سے اسکالر شپ پروگرام کا آغاز، مختلف علاقوں میں آگاہی سیشنز کا انعقاد

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) سکھر کے اشتراک سے ریکوڈک اسکالرشپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت ضلع چاغی کے ایسے 50 اسٹوڈنٹس جنہوں نے 2024–2025 میں انٹرمیڈیٹ مکمل کیا، کو مکمل طور پر فنڈڈ اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔اس سلسلے میں اسٹوڈنٹس اور والدین میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے آر ڈی ایم سی اور آئی بی اے سکھر نے ضلع بھر میں ایک جامع آگاہی مہم شروع کی جس کے تحت ہمئے گاﺅں، نوکنڈی، دالبندین، تفتان اور چاغی ٹاﺅن میں سیمینار منعقد کیے گئے۔ ان سیشنز کے دوران شرکا کو اہلیت کے معیار، درخواست کے طریقہ کار اور اسکالر شپ سے حاصل ہونے والے تعلیمی مواقع کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آئی بی اے سکھر امیدواروں کے لیے معیاری اہلیت ٹیسٹ لے گا جس کے بعد منتخب امیدواروں کو آئی بی اے سکھر میں چھ ماہ کے فاﺅنڈیشن کورس میں داخل کیا جائے گا۔ یہ تیاری پروگرام اسٹوڈنٹس کو ان کی منتخب کردہ تعلیمی راہ کے مطابق آئی بی اے سکھر یا پاکستان کی کسی بھی معتبر یونیورسٹی یا کالج میں داخلے کے لیے تیار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس مکمل فنڈڈ اقدام کے تحت آر ڈی ایم سی، آئی بی اے سکھر کے ذریعے منتخب اسٹوڈنٹس کے چار سالہ تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی تاکہ وہ مالی رکاوٹوں کے بغیر معیاری اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ ریکوڈک اسکالر شپ پروگرام آر ڈی ایم سی کی انسانی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری اور ضلع چاغی کے نوجوانوں کو مستقبل سنوارنے کا موقع فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ آر ڈی ایم سی کی دیگر کمیونٹی سرمایہ کاریوں کی طرح، ریکوڈک اسکالر شپ پروگرام بھی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹیوں (CDCs) کی سفارش پر تشکیل دیا گیا ہے، جو آر ڈی ایم سی کے مشترکہ اور مشاورتی سماجی سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو ظاہر کرتا ہے۔ آر ڈی ایم سی تعلیم، صحت اور طویل المدتی استعداد سازی کے پروگراموں کی معاونت کے ذریعے خطے میں پائیدار کمیونٹی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں