بلوچستان کا مسئلہ سیکورٹی نہیں غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، بلدیاتی انتخابات میں عوامی تائید سے حصہ لیں گے، بی این پی
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں چلتن ٹاو¿ن سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے امیدواران، یونٹ سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز، ضلعی کونسلران اور سینئر رہنماﺅں کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹری انسانی حقوق احمد نواز بلوچ کی رہائش گاہ برمہ ہوٹل، کلی غریب آباد میں زیر صدارت ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری منعقد ہوا جس کے مہمان خاص مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ اور اعزازی مہمان احمد نواز بلوچ تھے۔ اجلاس کی کارروائی ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی نے چلائی، تلاوت کلام پاک کی سعادت مولوی محمد عیسیٰ بنگلزئی نے حاصل کی۔ اجلاس میں سی ای سی ممبر حاجی باسط لہڑی، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی سمیت سینئر عہدیداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقعے پر انجینئر یاسر بنگلزئی نے چلتن ٹاﺅن کے وارڈز کے حوالے سے آگاہی دی اور اجلاس میں آنے والے بلدیاتی الیکشن کے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی آنے والے بلدیاتی الیکشن میں عوام کی تائید و حمایت سے بھر پور انداز میں حصہ لے گی پارٹی نے ہمیشہ گراس روٹ لیول تک اختیارات کی منتقلی اور عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے آواز بلند کرنے کے ساتھ قومی حقوق کے حصول اور علاقائی عوامی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کی ہے۔ اجلاس میں 8 فروری 2024 کے الیکشن کو فارم 47 کے ذریعے ہائی جیک کرنے اور اسمبلیوں میں حقیقی عوامی نمائندوں کا راستہ روک کر پیراشوٹرز کو اتارنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوریت پر شب خون مارنے سے تعبیر کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں عوامی حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی ہم نے ہمیشہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں پر تنقید کی ہے مگر یہاں سننے والا کوئی نہیں، پچھلے دو سال سے کوئٹہ شہر مکمل طور پر پسماندگی اور بربادی کا شکار ہوچکا ہے جو کہ فارم 47 کے حکمرانوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، آج کوئٹہ شہر میں گیس، بجلی، پانی، تعلیم، صحت اور صفائی کا فقدان نظر آرہا ہے آئے روز سیکورٹی کے نام پر چیک پوسٹوں کی تعداد بڑھائی جارہی ہے، سڑکوں کو بند کرنے کے ساتھ انٹر نیٹ کو بھی بند کیا جا رہا ہے جبکہ یہ سیکورٹی کا معاملہ نہیں بلکہ غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ حالیہ حکمرانوں کو عوامی تکلیف، درد اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں بلکہ وہ اپنی جیب بھرنے، عوام کا خون چوسنے اور بوٹ پالش کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں سیاسی شعور کا ثبوت دیتے ہوئے بی این پی کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر اس شہر کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے اور دیگر امور کا جائزہ لیں گی۔


