حب میں مسلح افراد کی فائرنگ سے کے الیکٹرک کا ڈرائیور قتل، ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق
حب (نمائندہ انتخاب) حب ساکران روڈ مری چوک کے قریب ہائیٹ تھانہ کی مینگل آباد چیک پوسٹ سے چند فرلانگ کے فاصلے پر K الیکٹرک کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق، حب پل پر حادثے میں سوزوکی ڈرائیور جان کی بازی ہار گیا، قتل کی واردات کے حوالے سے متضاد اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں حب شہر قتل وغارت گری اور لوٹ مار کی لپیٹ میں ہے پیر کی صبح سویرے ساکران روڈ پر مری چوک کے قریب ہائیٹ پولیس تھانہ کی مینگل آباد چیک پوسٹ سے چند فرلانگ کے فاصلے پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سوارمسلح افراد نے Kالیکٹرک کی گاڑی پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں ڈرائیور35سالہ رضوان ولد عبدالمجید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا قتل کی واردات کے حوالے سے لوٹ مار سمیت دیگر متضاد اطلاعات موصول ہورہی ہیں تاہم پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے واضح رہے کہ واردات سے چند فرلانگ کے فاصلے پر ہائیٹ پولیس اسٹیشن کی مینگل آباد پولیس چیک پوسٹ قائم ہے لیکن اسکے باوجود مسلح قاتل بآسانی فرار ہوگئے بتایا جاتا ہے کہ ہائیٹ تھانہ کی مذکورہ چیک پوسٹ پر شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کم وہاں سے گزرنے والی اسمگلنگ کے سامان سے بھری گاڑیوں سے بھتہ خوری پر توجہ زیادہ دی جاتی ہےSSPحب نے حب پولیس پولیسینگ سسٹم کو بیٹر مافیا کے حوالے کر رکھا ہے جسکی وجہ سے علاقے میں امن وامان کی صورتحال آئے روز دگرگوں ہوتی جارہی ہے دوسرا واقعہ حب پل پر پیش آیا جس میں کار اور سوزوکی وین میں تصادم کے نتیجے میں سوزوکی وین ڈرائیور 44سالہ خان رحیم ولد عبدالرحمن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا دونوں واقعات میں جاں بحق افراد کی نعشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


