بلوچستان کے اصل مسئلے کا درست ادراک حاصل کرنے کی اشد ضرورت، صوبے کے نوجوانوں کی اکثریت شدید بیروزگاری سے دوچار ہے،گورنر

کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم نے اپنی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں ان کے سینئر سکالرز اور ریسرچرز بڑی کمپنیوں اور سرکاری محکموں کے افسران کو ہر قسم کی جدید ٹریننگ دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور ہمارے اعلیٰ اداروں کے اسناد اور ڈگریاں بھی قابل اعتبار ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی یونیورسٹیوں میں موجود تمام ماہرین کے علم و تجربے سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک کے مفاد کیلئے بروئے کار لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی تکتو کیمپس میں "جاب فیئر 2025 ” کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ، پرووائس وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنربلوچستان کلیم اللہ بابر اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سمیت مختلف یونیورسٹیوں، کمپنیوں اور بینکوں کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے اصل مسئلے کا درست ادراک حاصل کرنے کی اشد کی ضرورت ہے. صوبے کے نوجوانوں کی اکثریت شدید بیروزگاری سے دوچار ہے. یہاں پنجاب اور سندھ کی طرح روزگار کے وسیع مواقع موجود نہیں ہیں. اس ضمن میں "جاب فیئر” ہی اکیڈمی اور انڈسٹری کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے، روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے اور کیریئر کی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے اکٹھا کرتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ جاب فیئر درحقیقت عملی زندگی کا احساس اجاگر کرتا ہے کہ تعلیم اور روزگار ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہم اپنے یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کو کوالٹی ایجوکیشن دینے کے ساتھ ساتھ ان کے منتخب کیرئیر میں کامیاب ہونے کیلئے جدید مہارت، نیٹ ورک اور مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں اپنی سماجی ضرورت کے مطابق اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان اشتراک پیدا کرنا ہوگا. یہ حقیقت ہے کہ حکومت لاکھوں افراد کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی جس کیلئے ہمیں اپنے پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آٹھواں بیوٹمز جاب فیئر 2025 میں مختلف نیشنل اور انٹرنیشنل کمپنیوں کے ساتھ ساتھ مختلف بینکوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں. ان کے نمائندے اپنے اپنے ادارے کی کارکردگی، پروڈکٹس اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے بیوٹمز یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کو تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں. وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ اور ان کی پوری ٹیم اس کامیاب جاب فیئر کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور توقع رکھتا ہوں کہ تعلیم اور روزگار کا سلسلہ آگے بھی جاری رہیگا. قبل ازیں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سو سے زائد نیشنل اور انٹرنیشنل کمپنیوں کے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا.

اپنا تبصرہ بھیجیں