اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی سخت، 12 تھانوں کی نفری تعینات، عمران خان صحتمند ہیں ہر آنیوالے کی ملاقات کرائی جاتی ہے، جیل حکام

راولپنڈی (ویب ڈیسک) اڈیالہ جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان صحتمند ہیں اور جیل آنے والے ہر شخص کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جاتی ہے۔ جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں محفوظ اور صحتمند ہیں، ہفتے میں ایک بار بانی پی ٹی آئی سے بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی کرائی جاتی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ایک بیرک کے 6 کمرے بانی پی ٹی آئی کے زیر استعمال ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ٹی وی اور اخبار کی سہولت موجود ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ہفتہ میں ایک بار باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت ہے، باہر سے دیسی مرغی اور مچھلی منگوائی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں جیل مینوئیل کے مطابق کرائی جاتی ہے، اڈیالہ جیل کی حدود میں آنے والے ہر شخص کی ملاقات کرائی جاتی ہے، اڈیالہ جیل کی حدود سے باہر کا معاملے کی جیل انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ جیل کے اطراف خصوصی سیکورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت راستوں پر پانچ پکٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور ڈیوٹی دو شفٹوں میں بارہ بارہ گھنٹے کی تقسیم کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی پلان کے تحت اڈیالہ جیل کے اطراف 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔ سیکورٹی اہلکار ربرڈ بلٹس، ٹیئرگیس اور اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہوں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ ٹریفک پولیس کے دس افسران اور اہلکار بھی مقرر کیے گئے ہیں اور لفٹربھی موجود رہیں گے تاکہ جیل کے اطراف ٹریفک کا مناسب انتظام ہو۔ اڈیالہ گارڈ کی نفری کچہری ڈیوٹی کے بعد اسٹینڈ بائی پر موجود رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں