مکران بار ہائیکورٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات، سعید فیض ایڈووکیٹ بھاری اکثریت سے صدر منتخب
پسنی (نامہ نگار) مکران بار ہائیکورٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات سعید فیض ایڈووکیٹ صدر منتخب۔ تفصیلات کے مطابق مکران بار ہائیکورٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات آج منعقد ہوئے جن میں صدارتی نشست پر سعید فیض ایڈووکیٹ نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 44 ووٹوں کی واضح برتری سے صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا،انتخابات میں صدارتی امیدوار سعید فیض ایڈووکیٹ اور خلیل احمد ایڈووکیٹ آمنے سامنے تھے، جن میں مکران ڈویڑن کے تینوں اضلاع کیچ، پنجگور اور گوادر کے وکلاءنے بھرپور حصہ لیا۔ کیچ میں کل 42 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سعید فیض ایڈووکیٹ نے 28 جبکہ خلیل احمد نے 14 ووٹ حاصل کیے۔ پنجگور سے سعید فیض ایڈووکیٹ کے حق میں 10 ووٹ پڑے جبکہ ان کے مدمقابل کو کوئی ووٹ نہیں مل سکا۔ گوادر میں مجموعی طور پر 24 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 22 ووٹ سعید فیض ایڈووکیٹ اور 2 ووٹ خلیل احمد ایڈووکیٹ کے حصے میں آئے،مجموعی طور پر سعید فیض ایڈووکیٹ نے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے 44 ووٹوں کی برتری سے مکران ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ وکلاءبرادری نے ان کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ بار کے مسائل کے حل اور اس کے استحکام کے لیے مو¿ثر کردار ادا کریں گے۔


