ولید صالح بلوچ کے قاتلوں کی تا حال عدم گرفتاری اور واقعہ کے حقائق کا منظر عام پر نہ آنا حکومتی ناکامی کی علامت ہے، نیشنل پارٹی

نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے شہید ولید صالح بلوچ کی چہلم کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ شہید ولید صالح بلوچ کے قاتلوں کی تا حال عدم گرفتاری اور واقعہ کے حقائق کا منظر عام پر نہ آنا ریاستی اداروں کی کمزوری اور حکومتی ناکامی کی علامت ھے ، جو کسی بھی طور قابل قبول نہیں۔ترجمان نے بیان میں کہا کہ ایک معتبر سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے باشعور اور پرامن نوجوان کو سرعام قتل کر دینا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ مجرم قانون سے بے خوف ہیں اور متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی اس المناک اور بہیمانہ قتل کو ایک منظم سازش تصور کرتی ہے جس کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا اور سیاسی گھرانوں کو ان کی فکری جدوجہد سے ہٹانے کی منفی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ ایسے عناصر کون ہیں اور کن قوتوں کی سرپرستی میں سرگرم ہیں جو دن دہاڑے نوجوانوں کو نشانہ بنا کر بھی قانون کی گرفت سے باہر رہنے میں کامیاب رہتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اگر قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا اور واقعے کی شفاف و جامع تحقیقات نہ کی گئیں تو یہ تاثر مزید مضبوط ہوگا کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھائے رہے ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی شہید ولید صالح بلوچ کے قاتلوں اور ان کے پشت پناہوں کی گرفتاری، شناخت اور مو¿ثر کارروائی کے لیے ہر سیاسی، پارلیمانی اور جمہوری فورم پر اپنا کردار ادا اور انصاف کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس سانحے کو ہرگز پس پشت نہیں ڈالے گی۔ ترجمان نے کہا کہ شہید ولید صالح نیشنل پارٹی پنجگور کا سرگرم کارکن تھا۔ سیاسی کارکنوں کا قصور صرف یہ ھے کہ وہ بلوچستان قوم دوست سیاست کررئے ھیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی شہدائ کی جمہوری سیاسی جماعت ھے، شہداء کے نظریہ، سیاسی اصولوں اور فلسفہ پر کبھی سمجھوتا نہیں کررے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں