دہشتگردوں سے کسی صورت نرمی نہ برتی جائے، صوبے میں ریاستی رٹ کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(یو این اے )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پروانشل ہارڈن دی اسٹیٹ کمیٹی کا اعلی سطح اجلاس بدھ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں نیشنل اور پروانشل ایکشن کمیٹیوں کے طے شدہ اہداف، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جاری سیکورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور اعلی سیکیورٹی حکام نے شرکت کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف مربوط اور مثر کارروائیاں جاری ہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں 100 دہشت گردوں کو نیوٹرلائزڈ کیا جا چکا ہے جب کہ ضلع کچھی میں 200 سے زائد آپریشنز کئے گئے اور دیگر اضلاع میں بھی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں 3561 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کر دیئے گئے ہیں۔ کسٹم حکام نے گزشتہ تین ماہ میں 2575 آپریشنز کیے اور 416 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کیں۔ مدارس کی رجسٹریشن کے عمل اور تشکیل شدہ ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امن و امان کی بہتری، غیر قانونی اسمگلنگ کے سدباب اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ریاستی رٹ کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کارروائیوں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور کسی صورت نرمی نہ برتی جائے وزیر اعلی نے واضح کہا کہ نیشنل اور پروانشل ایکشن کمیٹیوں کے فیصلوں پر پوری تندہی، ذمہ داری اور تسلسل کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے میں جرائم، لاقانونیت اور بدامنی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امن کے قیام اور ترقی کے عمل کو ہر حال میں یقینی بنائے گی۔


