کراچی، کوئٹہ، چمن شاہراہ این25 پر کام کا آغاز ہوگیا، بلوچستان کی دیگر شاہراہوں کو بھی جلد مکمل کیا جائیگا، وفاقی وزیر مواصلات
اسلام آباد (ویب ڈیسک) کراچی، کوئٹہ، چمن شاہراہ این25 پر کام کا آغاز ہوگیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این ایچ اے کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں پاکستان ایکسپریس وے کی 800 کلومیٹر طویل شاہراہ پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے اسی شاہراہ کی تعمیر کا رواں سال اعلان کیا تھا اور بلوچستان میں ایسی شاہراہوں کی تکمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہو گی۔ عبدالعلیم خان کے مطابق خضدار سے مستونگ تک این 25 پر بھی کام مسلسل جاری ہے، جبکہ پاکستان ایکسپریس وے کی تکمیل بلوچستان کے لیے بڑا بریک تھرو ثابت ہوگی۔ اجلاس میں گوادر، کھپرو، کوسٹل ہائی وے اور دیگر شاہراہوں کے امور پر بھی غور کیا گیا، اور وفاقی وزیر نے بلوچستان کی دیگر شاہراہوں کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں شاہراہوں کی تعمیر کے لیے سیکورٹی اور دیگر متعلقہ امور پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران نے وفاقی وزیر کو بلوچستان کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔


