پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، مسلح افواج کیخلاف بھارتی اشتعال انگیز بیانات پروپیگنڈا ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے اتوار کے روز بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے پاکستان کی مسلح افواج سے متعلق ’انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ‘ بیانات کو مسترد اور مذمت کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی یہ مذمت ایک روز بعد سامنے آئی ہے، جب ایس جے شنکر نے الزام عائد کیا تھا کہ بھارت کو اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ بنیادی چیلنجز براہِ راست پاکستان کی عسکری قیادت سے درپیش ہیں۔ ان کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام قومی ادارے، بشمول مسلح افواج، قومی سلامتی کے ستون ہیں، جو ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ دفتر کارجہ کے بیان میں مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی مختصر 4 روزہ جھڑپ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس کے بارے میں کہا گیا کہ اس نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ ساتھ مادرِ وطن اور پاکستانی عوام کے دفاع کے عزم کو بھرپور، مو¿ثر اور ذمہ دارانہ انداز میں ثابت کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔ دفتر خارجہ نے بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور اس کی قیادت کو بدنام کرنے کی کوششوں کو ایک پروپیگنڈا مہم کا حصہ قرار دیا جس کا مقصد خطے اور اس سے باہر بھارت کی عدم استحکام کی پالیسیوں اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے۔ ایسی اشتعال انگیز بیان بازی خطے میں امن و استحکام اور ہم آہنگی کے لیے بھارت کی بے اعتنائی کی انتہا کو ظاہر کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں