چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد: چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے پاکستان میں تعینات چینی سفیر سے ملاقات کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ملاقات کے دوران چینی سفیر نے سی پیک پر کام تیز کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے تحریر کیا کہ چینی سفیر نے سی پیک پر خصوصی توجہ دینے پر حکومت پاکستان سے اظہار تشکر بھی کیا ہے۔
ملاقات میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ سی پیک سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے۔عاصم سلیم باجوہ نے پیغام میں لکھا کہ چینی سفیر نے سی پیک منصوبوں میں تیزی پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ چینی سفیر نے دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لانے کے لیے اپنے عزم کو بھی دہرایا۔
دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ نے سی پیک کو بی آر آئی کا اہم منصوبہ قرار دے دیا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے سی پیک پر پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتوں کے درمیان کامیاب مکالمے پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیر و ترقی نے مشترکہ مستقبل کے سفر کو آگے بڑھایا ہے۔


