سرکاری دارالامان سے لڑکی کے لاپتہ ہونے کا واقعہ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا، فوری بازیابی کا حکم
کوئٹہ (ویب ڈیسک) سرکاری دارالامان سے لڑکی کے لاپتہ ہونے کا واقعہ ، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر بچی کے اغوا کے معاملے پر شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں سے تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں، جبکہ بچی کی بازیابی اور واقعے کی مکمل و شفاف تحقیقات کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ حقائق سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان شکایت سیل کو موصول ہونے والی درخواست کے مطابق ضلع قلعہ سیف اللہ کے رہائشی رحمت اللہ نے اپنی بیٹی گلخندہ عرف رخسار کے سرکاری دارالامان، کوئٹہ سے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی ہے۔ واضح رہے کہ قلعہ سیف اللہ کے رہائشی رحمت اللہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور ہیومن رائٹس کمیشن سے اپیل کی تھی کہ ان کی بیٹی گلخندہ عرف رخسار، جسے اس کے شوہر نے سول اسپتال کوئٹہ میں چھوڑ دیا تھا، بعد ازاں ویمن پولیس اسٹیشن اور مجسٹریٹ کی اجازت سے دارالامان بروری روڈ منتقل کیا گیا۔ والد کے مطابق دارالامان کی غفلت سے ان کی بیٹی لاپتہ ہو گئی، تمام کوششوں کے باوجود اس کا سراغ نہیں ملا۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور بیٹی کی بازیابی میں مدد فراہم کی جائے۔


