اختر مینگل کے استعفے کے بعد قومی اسمبلی کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا، الیکشن کمیشن
کوئٹہ (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رکن قومی اسمبلی محمد اختر مینگل کے استعفیٰ سے خالی ہونے والی نشست NA-256 خضدار میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسر کی جانب سے عوامی نوٹس 18 فروری 2026ءکو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 20 سے 24 فروری 2026ءتک متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرائے جاسکیں گے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 25 فروری کو شائع ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ 2026ءتک مکمل کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں اپیلیٹ ٹریبونل میں دائر کرنے کی آخری تاریخ 9 مارچ 2026ءمقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 16 مارچ 2026ءہوگی۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 16 مارچ کو شائع کی جائے گی جبکہ دستبرداری کی آخری تاریخ اور حتمی فہرست 17 مارچ 2026ءکو جاری ہوگی۔ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 18 مارچ 2026ءکو کی جائے گی۔ پولنگ بروز اتوار 5 اپریل 2026ءکو ہوگی۔


