بلوچستان کے نوجوان کسی سے کم باصلاحیت نہیں لیکن ضروری مواقع اور سہولیات کی کمی ان کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، گورنر

کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا پاکستان کھیلوں کی دنیا میں ایک قابل فخر مقام رکھتا ہے اور اسے اسکواش، کرکٹ، ہاکی اور اسنوکر وغیرہ میں عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اس ضمن میں ہمارے تمام کھلاڑی قومی اثاثہ ہیں۔ حکومت کا صوبے میں کھیلوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا مقصد صوبے بھر کے نوجوانوں میں مختلف کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔ اپنے نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرکے ہم انہیں منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاس کوئٹہ بلوچستان فینسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد قاسم کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ بات لائق تحسین ہے کہ صوبہ میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ واٹر اسپورٹس اور فینسنگ کے کھلاڑی بھی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کسی سے کم باصلاحیت نہیں لیکن ضروری مواقع اور سہولیات کی کمی ان کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ہمارے ابھرتے ہوئے نوجوان اپنے ملک اور صوبے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر روشن کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں