بارش کے بعد ناراض عوام نے شہلا رضا اور آفتاب جہانگیر کو گھیر لیا

کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث عوام شدید غصے میں ہیں اور عوامی نمائندوں کی جانب سے علاقوں کا دورہ کرنے والوں کو عوام نے گھیر لیا اور شکایتوں کے انبار لگادیئے ۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے آج ناگن چورنگی کا اور رہنما پی ٹی آئی آفتاب جہانگیر نے سرجانی ٹاؤن کا دورہ کیا، دونوں رہنماؤں کو عوام کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔

دو روز کی بارش سے پیدا ہونے والی ابتر صورتحال پر کراچی کے شہری جھنجلا اٹھے، پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے ناگن چورنگی پہنچیں، تو حالات سے تنگ شہریوں نے ان کو گھیر لیا اور شکایت کے انبار لگادیئے۔

صورتحال سے تنگ شہریوں نے بنیادی سہولیات کے فقدان پر ناگن چورنگی پر دھرنا دے دیا، جسے رینجرز سے مذاکرات کے بعد ختم کردیاگیا۔

پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے ایم این اے آفتاب جہانگیر سرجانی ٹاؤن پہنچے تو انھیں بھی شہریوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑا، سیاسی نمائندوں کی جانب سے دوروز بعد علاقے کا حال پوچھنے پر شہریوں نے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ دو روز سے نا بجلی ہے نا پانی، علاقہ مکینوں نے رینجرز کے ہمراہ آنے والے تحریک انصاف کے رہنما کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں